نئی دہلی،28؍جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس نے تریپورہ اسمبلی انتخابات کے لئے 17 امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے۔ سدیپ رائے برمن اگرتلہ سے انتخابی میدان میں اتریں گے۔ تریپورہ میں 60 سیٹوں والی اسمبلی کے لئے 16 فروری کو ووٹنگ ہوگی۔ کانگریس کے انتخابی شعبہ کے انچارج مکل واسنک نے ہفتہ کو کہا کہ تریپورہ اسمبلی انتخابات کے امیدواروں کا انتخاب مرکزی الیکشن کمیٹی نے کیا ہے۔
فہرست میں جن 17 امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے ان میں پارٹی ایم ایل اے سدیپ رائے برمن، سابق ایم ایل اے آشیش کمار ساہ اور ریاستی کانگریس صدر ویراجیت سنہا شامل ہیں۔ برمن کو اگرتلہ اسمبلی حلقہ سے ٹکٹ دیا گیا ہے جبکہ ساہ کو باردولی سیٹ سے نامزد کیا گیا ہے۔ ریاستی صدر کیلاشسر سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔
خیال رہے کہ تریپورہ اسمبلی کی تمام 60 سیٹوں پر 16 فروری کو ایک ہی مرحلے میں ووٹ ڈالے جانے ہیں اور ووٹوں کی گنتی 2 مارچ کو ہوگی۔ تریپورہ میں 2813478 ووٹر ووٹنگ میں حصہ لیں گے۔ ووٹنگ کے لیے 3 ہزار 328 پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے۔
ادھر، بی جے پی نے بھی تریپورہ انتخابات کے لیے 48 امیدواروں کی فہرست بھی جاری کی ہے۔ وزیر اعلیٰ مانک ساہا ٹاؤن باردووالی سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ مرکزی وزیر پرتیما بھومک دھن پت سیٹ سے الیکشن لڑیں گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بی جے پی کی پہلی فہرست میں دو مسلم امیدواروں کے نام بھی شامل ہیں۔ تفضل حسین کو باکس نگر، جبکہ کیلاشہر سے محمد مبشر علی کو امیدوار بنایا گیا ہے۔